غربت اور حکومتی بے حسی، انٹرنیشنل فٹبالر حمید خان پلمبر بننے پر مجبور

فٹبال میرے خون میں بسی ہوئی ہے لیکن غربت کی وجہ سے میں اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ پایا : حمید خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:13

غربت اور حکومتی بے حسی، انٹرنیشنل فٹبالر حمید خان پلمبر بننے پر مجبور
چمن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اکتوبر 2025ء ) پاکستان کا مایہ ناز فٹبالر حمید خان غربت اور حکومتی بے حسی کے سبب اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے مزدوری کرنے پر مجبور ہوگیا۔ 
چند برس قبل فٹبال کے میدانوں میں پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والا حمید خان زندگی کی گاڑی چلانے کیلیے گھر گھر جا کر پلمبر کا کام کرتا ہے۔

 
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے باصلاحیت فٹبالر حمید خان کی زندگی میں ایک ایسا موڑ آگیا جو انہیں فٹبال گراؤنڈ سے اٹھا کر ہارڈ ویئر کی دکان تک لے آیا اور پلمبر بنادیا۔ 
خیبر پختونخوا کے شہر چمن سے تعلق رکھنے والا حمید خان قومی فٹبال ٹیم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکا ہے۔

(جاری ہے)

 

سال 2010ء میں پریمیئر لیگ کھیلی اس کے علاوہ تین سال انٹرنیشنل لیول پر اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس دوران حمید نے 12 ملکوں کا دورہ بھی کیا۔

قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی کی حیثیت سے سوئی سدرن گیس کمپنی میں ملازمت تو ملی لیکن حکومتی سطح پر ڈیپارٹمنٹل سپورٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو نوکری بھی چلی گئی جس کے سبب حمید خان مالی پریشانی کا شکار ہوگیا۔ 
اب حالات اس نہج پر آگئے ہیں کہ اسے اپنے اہل خانہ کی کفالت کیلیے گھر گھر جاکر پلمبر کا کام کرنا پڑ رہا ہے۔ 
اگرچہ حمید ابھی بھی فٹبال کھیلنے کا جذبہ رکھتے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ اپنے خاندان کی کفالت کیلیے اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں تھا۔

 
انہوں نے کہا کہ فٹبال میرے خون میں بسی ہوئی ہے لیکن غربت کی وجہ سے میں اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ پایا۔ 
واضح رہے کہ یہ کہانی صرف حمید خان ہی کی نہیں بلکہ پاکستان کے کئی دیگر قومی فٹبالرز اور ہاکی کھلاڑی بھی اسی کربناک صورتحال کا شکار ہیں۔ 
وہ کھلاڑی جو کبھی ملک کا نام روشن کرنے کا خواب دیکھتے تھے، آج اپنے ہی ملک میں بے یارو مددگار ہوچکے ہیں۔