سپریم کورٹ کا ایل ایل بی ڈگری کا دورانیہ 5 سال سے کم کرنے کا حکم

عدالت عظمیٰ کی جانب سے بیرون ملک سے قانون کی تعلیم پر سی لاء کا ٹیسٹ ختم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 13:59

سپریم کورٹ کا ایل ایل بی ڈگری کا دورانیہ 5 سال سے کم کرنے کا حکم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) سپریم کورٹ نے ملک میں ایل ایل بی کی ڈگری کا دورانیہ 5 سال سے کم کرکے 4 سال کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے لیگل ایجوکیشن ریفارمز کیس کی سماعت کی، عدالت نے بیرون ملک سے قانون کی تعلیم پر سی لاء کا ٹیسٹ ختم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

اس حوالے سے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا کہ ’لاء کالجز کا معیار بہتر کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں، ایس ایم لاء کالج میں کوئی کمی ہے تو پورا کرائیں نا کہ کالج بند کردیں کیوں کہ یہ کالج تو قیام پاکستان سے بھی پہلے کا ہے‘، عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔ دوسری طرف ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 4 سالہ ایل ایل بی پروگرام کی منظوری دے دی ہے، اس سلسلے میں نیشنل کریکولم ریویو کمیٹی برائے قانون کا تین روزہ جامع اجلاس ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان میں منعقد ہوا، جس میں ایل ایل بی کا نصاب زیر غور آیا، کمیٹی نے چار سالہ ایل ایل بی پروگرام کی اصولی منظوری دی اورڈگری کے لیے نئے نصاب کو دوبارہ ڈیزائن کیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل کریکولم ایچ ای سی ڈاکٹر امجد حسین نے کی، ممبر پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن پاکستان (ڈی ایل ای) بیرسٹر اسامہ ملک اور ڈین قائداعظم یونیورسٹی سکول آف لاء ڈاکٹر عزیز الرحمان نے اجلاس میں شرکت کی، ڈپٹی ڈائریکٹر (کریکولم) ایچ ای سی ہدایت اللہ کاسی اس اجلاس میں بطور سیکرٹری شریک ہوئے۔