محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

بدھ 25 جون 2025 16:45

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجنیئر قراۃالعین میمن نے ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے ٹبی حسین آباد اور مرکزی امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عرفان ہنجرا بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے جلوس ہائے عزا کے روٹس، امام بارگاہوں اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب، بجلی، روشنی اور دیگر سہولیات کے حوالے سے انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور تمام جلوسوں کے راستوں کو کشادہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و یگانگت، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ رواداری، پیار و محبت اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد نے بتایا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ \378