Live Updates

سپریم کورٹ نے فواد چودھری کی 9 مئی کے 35 مقدمات یکجا کرنے کی درخواست پر فریقین :یکم جولائی تک جواب طلب

بدھ 25 جون 2025 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2025ء) سپریم کورٹ نے فواد چودھری کی 9 مئی کے 35 مقدمات یکجا کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس کر تے ہوئے یکم جولائی تک جواب طلب کرلیاہے ، سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق درج 35 مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے سماعت کے بعد تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے اور کیس کی مزید سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو پاکستان میں اس وقت بڑے پیمانے پر پرتشدد مظاہرے شروع ہوئے جب سابق وزیر اعظم عمران خان کو نیب کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام ا?باد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان مظاہروں کے دوران مختلف شہروں میں سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے جن میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور، میانوالی ایئربیس اور جی ایچ کیو راولپنڈی کے باہر مظاہرے شامل تھے۔

ان واقعات کے بعد حکومت نے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے، فواد چودھری جو اس وقت پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر تھے ان افراد میں شامل ہیں جن پر مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 35 مقدمات میں ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات