ڈپٹی کمشنر کی کوششوں سے چاغی میں لوکل سرٹیفکیٹ کا روایتی ،پیچیدہ نظام مکمل طور پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا

بدھ 25 جون 2025 22:15

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)ڈپٹی کمشنر چاغی عطاالمنعم بلوچ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظام رحیم بلوچ کی کوششوں سے چاغی میں لوکل سرٹیفکیٹ کا روایتی اور پیچیدہ نظام مکمل طور پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت نہ صرف لوکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا عمل تیز اور شفاف بنایا گیا ہے بلکہ اس کو نادرا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کے ڈیٹا بیس سے مربوط کر کے اس کی قانونی حیثیت اور مستند ہونے کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

یہ آن لائن سسٹم عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کروایا گیا ہے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ عوام کو مختلف دفاتر کے چکروں سے بھی نجات ملے گی۔ اب تمام مراحل درخواست، تصدیق، جانچ پڑتال اور اجرا ڈپٹی کمشنر کمپلیکس چاغی میں ایک ہی جگہ پر مکمل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا بنیادی مقصد مقامی افراد کو آسانی فراہم کرنا اور غیر مقامی یا جعلی لوکل حاصل کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

یہ نظام نہ صرف انتظامی شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ آئندہ مردم شماری، ووٹر لسٹوں اور دیگر قومی و صوبائی ترقیاتی منصوبوں میں بھی درست اعداد و شمار کی بنیاد فراہم کرے گا۔ چاغی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ مقامی سطح پر اس نوعیت کی ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں، جو کہ ضلعی انتظامیہ کی عوام دوستی اور وڑن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس نظام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور جعلی عناصر کی حوصلہ شکنی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں