ایئر کراچی کی اڑان کی تیاریاں؛ فضائی آپریشن سے قبل تجربہ کار افراد کی بھرتی شروع

بدھ 25 جون 2025 22:33

ایئر کراچی کی اڑان کی تیاریاں؛ فضائی آپریشن سے قبل تجربہ کار افراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)ملک کی نئی ابھرتی ہوئی ایئرلائن ایئرکراچینے اپنے فضائی آپریشن کے آغاز سے قبل بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا ہے۔ایئرلائن نے ملک بھر کے اہم ایئرپورٹس پر اسٹیشن مینیجرز کی اسامیوں پر بھرتیوں کے لیے تجربہ کار امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایئرکراچی ابتدائی طور پر اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس پر اسٹیشن مینیجرز تعینات کرے گی۔

ان اسامیوں کے لیے ان افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے جنہیں ایوی ایشن انڈسٹری میں کام کرنے کا بھرپور تجربہ حاصل ہو۔ایئرکراچی رواں سال 3 ایئر بس A320 طیاروں کے ذریعے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرنے جا رہی ہے، جس کے لیے ابتدائی تیاریوں کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایئرلائن کو باقاعدہ طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (RPT) لائسنس جاری کیا جا چکا ہے، جب کہ دوسرے مرحلے میں ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) کا اجرا متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ایئرکراچی کا قیام کراچی کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے عمل میں آیا، جنہوں نے ایئرکراچیکے نام سے ایک باقاعدہ ایئرلائن لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام ملکی فضائی سفر کے شعبے میں مسابقت بڑھانے اور صارفین کو ایک نیا متبادل فراہم کرنے کی سمت اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔