یوم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ عقیدت واحترام سے منائینگے ، محمد شاداب رضا نقشبندی

بدھ 25 جون 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ یوم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ عقیدت واحترام سے منائینگے ،پاکستان سنی تحریک کے تحت ملک بھر میں ریلیاں سمینار کنونشن کا انعقاد کیا جائیگا ،حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم عمر فاروق پر عام تعطیل کا اعلان کرئے ،سوچھی سمجھی سازش کے تحت پاکستان میں ایام محرم میں مخصوص مکتبہ فکر کو جواز بنا کر مذہبی فسادات اور انتشار پھیلانے کی سازش کی جاتی ہے ،صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ،تمام مکاتب فکرسے اپیل کرتے ہیں کہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے اخوت بھائی چارگی ، برداشت ودرگذر کو فروغ دیں ،پاکستان سنی تحریک کے تحت عظیم الشان سیدنا عمرفاروق رضی اللہ عنہ کانفرنس جامعہ کلاتھ ایم اے جناح روڈ پر منعقد ہوگی ،کارکنان وعوام سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں ،26جون بروز جمعرات بمقام سید قطب عالم شاہ بخاری مزارشہداء میلاد مصطفی ایم ائے جناح روڈ بعد نماز عشاء کانفرنس کا آغاز ہوگا علماء ومشائخ اہلسنت خطاب کرینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں مرکز اہلسنت پر مرکزی رہنمائوں اور کراچی رابطہ کمیٹی کے ارکان کے اجلاس میں سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ،محمد شاداب رضانقشبندی نے کہا کہ امیر المومنین حضرت عمر فاروق نے اسلام کا پرچم بلند عدل انصاف کی بالادستی کو قائم کیا ،مظلوموں کو ان کے حقوق مہیا اور انصاف کی بالادستیوفراہمی کو یقینی بنایا ،حضرت عمر فاروق کے دور خلافت نے عدل وانصاف کو فروغ دیا اور اسلام کے پرچم کو پوری دنیا میں بلند کیا ،حکمران انصاف قناعت اور سادگی پسند ہوتو عوام میں ظلم وتشددخواہش اور فیشن پرستی جنم نہیں لیتی جس کی وجہ سے معاشرے سکون وراحت کی زندگی بسر کرتے ہیں ،سیدنا عمر فاروق 22لاکھ 51ہزار 30مربع میل پر زمین پر حکمرانی کرنے والے انصاف پرور حکمران تھے ،عشق رسول سے سرشار ہوکر آپ نے ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ عدل و انصاف کے پیکر تھے، وقت کے حاکم ہونے کے باوجود آپ نے خادم بن کر عوام کی خدمت کی،حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ 47ممالک کے حاکم تھے آپ کے عہد میں امن و امان کی صورتحال تاریخ کی عظیم مثال ہے،آپ کی زندگی اور دورخلافت عالم اسلام کے لئے مشعل راہ ہے۔