خیبرپختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کا گراس روٹ لیکروس کلینک اور اکیڈمی کا افتتاح کردیا گیا

بدھ 25 جون 2025 22:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء) خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے صدر سید سالار جہان کی خصوصی ہدایت پر نچلی سطح پر لیکروس کے فروغ کے لئے حرا اسکول نحقی پشاور میں لیکروس کلینک اور لیکروس اکیڈمی کا افتتاح کر دیا گیا۔ تربیتی کلینک میں 60 لڑکوں اور 40 لڑکیوں سمیت 100 کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا جنہیں لیکروس کی بنیادی تکنیک اور مختلف مشقوں کی تربیت دی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان مصور شاہ تھے جبکہ حرا ایجوکیشنل سسٹم کے چیئرمین فضل اللہ بھی موجود تھے۔ شرکاء میں لیکروس اسٹکس، سووینئرز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔مصور شاہ نے خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن اور فضل اللہ کی تعلیمی ادارے میں لیکروس کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے کی کائوشوں کو سراہا۔ ایسوسی ایشن اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں لیکروس کا متعارف ہو اور لڑکے اور لڑکیاں یکساں طور پر اس بین الاقوامی کھیل سے مستفید ہو سکیں۔