Live Updates

عمران خان سے ملاقات کی درخواست، جسٹس منصور علی شاہ کی علی امین کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے رجوع کی ہدایت

ہم جوڈیشل سائیڈ پر کچھ نہیں کر سکتے،چیف جسٹس یا رجسٹرار سپریم کورٹ سے رجوع کریں، یہی بہترین طریقہ ہے، آپ کا وقت بچے گا،ریمارکس

جمعرات 26 جون 2025 03:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بارے علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے رجوع کی ہدایت کردی۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات بارے درخواست پر سماعت کی۔

علی امین گنڈاپور وکلاء ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل کے ہمراہ عدالت کے روبرو حاضر ہوئے۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ اہم مسئلہ درپیش ہے، کے پی اسمبلی کا بجٹ سیشن چل رہا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست ارجنٹ سنی جائے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آپ نے غلط دروازہ کھٹکھٹایا ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے چیئرمین ہیں آپ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی یا رجسٹرار سپریم کورٹ سے رجوع کریں، یہی بہترین طریقہ ہے، آپ کا وقت بچے گا،ہم جوڈیشل سائیڈ پر کچھ نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ کا آشیرباد چاہتے ہیں، آپ معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا سکتے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلی علی امین گنڈاپور روسٹرم پر آئے اور کہا کہ اسمبلی میں بجٹ منظوری کا عمل چل رہا ہے، پارٹی سربراہ کا ایک ویڑن ہوتا ہے، ہماری بار بار کی درخواست کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی بجٹ کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرے گی، بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا تھا، خط پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بڑے اچھے ریمارکس دیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ خط کے ساتھ بانی پی ٹی آئی نے ثبوت بھی لگائے تھے لیکن خط پر کوئی عمل نہیں ہوا۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی لاہور میں ہیں ان سے رجوع کریں اور ساتھ ہی سماعت ملتوی کردی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات