کوہستان لوئر، اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت بلین ٹریز پلس پروگرام کے تحت مون سون شجرکاری مہم بارے اجلاس

جمعرات 26 جون 2025 11:43

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پٹن سعد منیر کی زیر صدارت بلین ٹریز پلس پروگرام کے تحت مون سون شجرکاری مہم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ضلعی محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران مون سون شجرکاری مہم کے مختلف پہلوؤں، اہداف اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پٹن نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ ماہ شروع ہونے والی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور سبز و شاداب پاکستان کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔