جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی مہنگی ترین اور تاریخی شادی (کل) ہوگی

جمعرات 26 جون 2025 17:01

وینس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)ایمازون کے بانی اور بزنس مین 61 سالہ جیف بیزوس اور ان کی گرل فرینڈ ایمی ایوارڈ یافتہ صحافی 55 سالہ لارین سانچیز(کل) بروز جمعہ 27جون کو اٹلی کے شہر وینس میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔اس شادی کو صدی کی شاندار شادی تصور کیا جارہا ہے، شادی کے انتظامات کے علاوہ پیشے کے اعتبار سے رائٹر اور جرنلسٹ سانچیز کے اسٹائل اور فیشن سینس نے بھی خاص توجہ حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

اس شادی کو بگ ویڈنگ اس لیے بھی کہا جا رہا ہے کیونکہ اس میں دنیا بھر کی مشہور ترین شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس اور لارین سانچیز اپنی شادی کے مقام یعنی وینس اٹلی پہنچ گئے، دونوں جیف بیزوس کی بوٹ میں وینس پہنچے۔رپورٹ کے مطابق اس شادی پر 56 ملین ڈالرز یعنی 15 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔ جیف بیزوس اور لارین سانچیز کی 3 روزہ شادی کی تقریبات شروع ہیں۔شادی میں شرکت کے لیے صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دنیا بھر سے وی آئی پی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔