Live Updates

نیتن یاہو کی اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت مؤخرکرنے کی درخواست مسترد

جمعہ 27 جون 2025 22:51

نیتن یاہو کی اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت مؤخرکرنے کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)اسرائیلی عدالت نے بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت مؤخر کرنے کی نیتن یاہو کی درخواست مسترد کردی۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی عدالت نے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کی ان کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے میں گواہی دینے کی سماعت مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

گزشتہ ہفتے نیتن یاہو کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ اگلے دو ہفتوں کے دوران وزیر اعظم کو سماعتوں سے مستثنیٰ رکھا جائے کیونکہ اسرائیل کی ایران کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد انہیں ’ سیکیورٹی امور’ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ نے آن لائن شائع ہونے والے فیصلے میں کہا کہ ’ ان کی درخواست) موجودہ شکل میں سماعتوں کی منسوخی کے لیے کوئی بنیاد یا تفصیلی جواز فراہم نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے کسی بھی بدعنوانی کے الزام سے انکار کیا ہے جبکہ ان کے حامی اس طویل عرصے سے جاری مقدمے کو سیاسی سازش قرار دیتے ہیں۔پہلے مقدمے میں نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ارب پتی افراد سے سیاسی فائدے کے بدلے سگار، زیورات اور شیمپیئن سمیت 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے قیمتی تحائف وصول کیے،دو دیگر مقدمات میں نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے دو اسرائیلی میڈیا اداروں سے اپنے حق میں بہتر کوریج کے لیے سودے بازی کی کوشش کی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز نیتن یاہو کے خلاف مقدمے کو ’ ڈائن کا شکار’ قرار دیا اور کہا کہ اس مقدمے کو ’ فوری طور پر منسوخ کر دینا چاہیے، یا اس عظیم ہیرو کو معافی دے دی جائے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات