Live Updates

بلوچستان اسمبلی ، 896 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی منظور ی دیدی گئی

اپوزیشن کی کوئی کٹوتی کی تحریک منظور نہ ہوسکی ، صوبائی اسمبلی نے فنانس بل بھی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں منظور کرلیا

جمعرات 26 جون 2025 17:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)بلوچستان اسمبلی نے مالی سال 2025-26کے 896ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی منظور ی دے دی ، اپوزیشن کی کوئی کٹوتی کی تحریک منظور نہ ہوسکی ، صوبائی اسمبلی نے فنانس بل بھی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں منظور کرلیا ، بدھ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بدھ کو اسپیکر کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت 45منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ نے بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے 896 ارب 47 کروڑ سے زائد کے 94 مطالبات زر الگ الگ پیش کئے ۔ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی 10 تحریکیں پیش کی گئیں جو منظور نہ ہوسکیں جبکہ ایک تحریک واپس لی گئی ۔ایوان نے تمام ترقیاتی اخراجات کیلئے 666 ارب83 کروڑ اور ترقیاتی اخراجات کیلئے 289 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر کی الگ الگ منظوری دی جس کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بدھ کی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر شروع ہوا جس میں قائمہ کمیٹی برائے محکمہ خزانہ کے چیئر مین انجینئر زمر ک خان اچکزئی نے ایوان میں بلوچستان مالیاتی مسودہ قانون مصدرہ 2025کی بابت قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جبکہ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بلوچستان مالیاتی مسودہ قانون مصدرہ 2025ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دے دی ۔ اجلاس میں وزیرخزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آئین کے آرٹیکل 123کے تحت منظور شدھ اخراجات کے مصدقہ گوشوارے برائے مالی سال 2025-26اور ضمنی منظور شدھ اخراجات کے منظور شدھ گوشوارے بابت مالی سال 2024-25ایوان کی میز پر رکھے ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات