مالیاتی بحران: قومی ہاکی ٹیم پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرے گی

پرو لیگ میں حامی بھرکرشرکت نہ کرنے پرفیڈریشن پربھاری جرمانہ حتیٰ کہ پابندی بھی لگ سکتی ہے: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 جون 2025 14:40

مالیاتی بحران: قومی ہاکی ٹیم پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرے گی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2025ء) قومی ہاکی ٹیم مالی وسائل نہ ہونے کی بناء پر پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرے گی۔  
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا ہے جس کے تحت پی ایچ ایف کو پہلا جواب جمعہ 27 جون کو دینا ہے تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پرو لیگ میں شرکت مالی وسائل سے مشروط ہے۔

 
ذرائع کا بتانا ہے کہ مالی وسائل نہ ہوئے تو پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ میں شرکت نہیں کرے گی، پی ایچ ایف کو پرو لیگ میں شرکت کے لیے 50 کروڑ سے زائد کی رقم درکار ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پرو لیگ میں حامی بھرکرشرکت نہ کرنے پر فیڈریشن پربھاری جرمانہ حتیٰ کہ پابندی بھی لگ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں، اس میں شرکت سے پاکستان ہاکی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

 
ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کی تھی جس کی وجہ سے پاکستان کی ہاکی رینکنگ 17ویں نمبر پر چلی گئی تھی۔
پرو لیگ میں شرکت کو بین الاقوامی ہاکی اسٹیج پر پاکستان کی موجودگی اور مسابقت کی تعمیر نو کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کا اگلا ایڈیشن فروری 2026ء میں شروع ہونے والا ہے۔