کشمیری وفد کا جنیوا میں احتجاجی کیمپ ،جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمے کا مطالبہ

جمعرات 26 جون 2025 18:27

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) کشمیری وفد نے” تشدد کے متاثرین کی حمایت “کے عالمی دن کے موقع پر جنیوا میں اقوام متحدہ کے باہر بروکن چیئر پر احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا تاکہ دنیا کو جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر بھارت کے منظم تشدد سے آگاہ کیا جا سکے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق احتجاجی کیمپ کے شرکا نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر درج نعروں کے ذریعے جموں وکشمیر میں تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا جہاں بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔

بھارت علاقے میں تشدد کو ریاستی ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہا ہے۔ اس موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ، الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، سردار امجد یوسف ،ڈاکٹر سائرہ شاہ، نائلہ الطاف کانی اور مہر النساء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بڑے پیمانے پر قتل، جبری گمشدگی، تشدد، عصمت دری اور جنسی استحصال شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز تشدد کو کشمیری عوام میں خوف و دہشت پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔انہوں نے جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاسی قیدیوں کو بدسلوکی اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔جیلوں میں ہونے والے تشددکے نتیجے میں اب تک سینکڑوں کشمیری موت کے منہ میں جا چکے ہیں ۔