Live Updates

سرگودہا شہر کے نکاسی آب اور سیوریج کے پرانے نظام کی اپ گریڈیشن اورجدید ڈرینج سسٹمزکی تنصیب کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کمشنر سرگودھا ڈویژن

جمعرات 26 جون 2025 18:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے رات ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد شہر میں نکاسی آب کے لیے جاری ہنگامی آپریشن کا معائنہ کرنے کیلئے تفصیلی دورہ کیا۔ اُنہوں نے تقریباً دو گھنٹے تک مختلف علاقوں کا وزٹ کیا جن میں اندرون آبادیوں سمیت نشیبی علاقے شامل تھے۔ کمشنر نے موقع پر موجود عملے سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے نکاسی کی رفتار، مشینری کی دستیابی اور انتظامی اقدامات کی تفصیلات معلوم کیں ۔

اُنہوں نےخود مختلف مقامات پر کھڑے ہو کر نکاسی آب کی نگرانی کی اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی مشینری اور افرادی قوت تعینات کی جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے شہریوں سے بھی بات چیت کی اُن کے مسائل سنے اور حکومت پنجاب کی جانب سے سیوریج اور نکاسی آب کے مستقل حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

کمشنر نے شہریوں کو بتایا کہ سرگودہا شہر کے لیے نکاسی آب اور سیوریج کے جدید ماسٹر پلان پر کام جاری ہے جس کے تحت پرانے نظام کی اپ گریڈیشن اور جدید ڈرینج سسٹمز کی تنصیب کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سی سی او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

افسران نے بریفنگ دی کہ رات کی بارش کے فوراً بعد ہنگامی پلان کے تحت تمام زونز میں فیلڈ سٹاف کو متحرک کیا گی، نالوں، گلیوں اور سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینیں، سکر پمپس اور واٹر باوزر استعمال کیے جا رہے ہیں۔کمشنر نے میونسپل کارپوریشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ دنوں میں متوقع بارشوں کے پیش نظر ادارے مکمل الرٹ رہیں، تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے، اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات