لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:22

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت  نے  علیمہ خان اور عظمی خان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران لاہور میں پولیس پر مبینہ تشدد اور جلائو گھیرائو کے الزام میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں 17 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس تفتیشی افسر کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔جمعہ کو سماعت پر علیمہ خان اور عظمی خان پیش نہ ہوئیں ۔ان کے وکلا نے دونوں کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں جمع کروائی۔ عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کر لی ۔دوران سماعت پولیس تفتیشی افسر کی جانب سے ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا اور عدالت سے مہلت کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس تفتیشی افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا اور پراسکیوشن کو ضمانت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔