میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی 60ویں برسی ۔۔۔قوم کے عظیم ہیرو کو خراجِ عقیدت

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:21

میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی 60ویں برسی ۔۔۔قوم کے عظیم ہیرو کو خراجِ عقیدت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان کی عسکری تاریخ قربانی، عزم اور شجاعت سے عبارت ہے۔ اسی تاریخ میں کچھ ایسے نام ہیں جو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھے جاتے ہیں۔ انہی میں ایک روشن اور درخشندہ نام ہے میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کا، جنہیں ان کی جرأت اور بہادری کے اعتراف میں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔1965 کی جنگ میں جب دشمن نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی تو پاک افواج نے بے مثال جرأت اور قربانی سے اس کا مقابلہ کیا۔

اس معرکے میں میجر عزیز بھٹی شہیدؒ لاہور کے محاذ پر سینہ سپر ہوئے اور اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کے سامنے ڈٹ گئے۔آپ نے پانچ دن تک (6 تا 10 ستمبر) نہایت عزم، ہمت اور ولولے کے ساتھ دشمن کے کئی حملوں کو پسپا کیا۔ یہ حملے معمولی نوعیت کے نہ تھے، بلکہ دشمن کو بکتر بند گاڑیوں اور بھاری توپ خانے کی مدد حاصل تھی۔

(جاری ہے)

مگر میجر عزیز بھٹی شہیدؒ نے جوانوں کے حوصلے بلند رکھے اور ایک انچ زمین دشمن کے حوالے نہ ہونے دی۔

ان پانچ دنوں کے دوران دشمن بار بار حملہ آور ہوا، لیکن ہر بار میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی قیادت اور پاک فوج کے جوانوں کے فولادی عزم نے اسے پسپا کر دیا۔ میدانِ جنگ میں آپ کی موجودگی جوانوں کے لیے ایک مینارِ نور کی مانند تھی جو ان کے حوصلے کو جلا بخشتی رہی۔میجر عزیز بھٹی شہیدؒ نہ صرف ایک جری سپاہی تھے بلکہ ایک بہترین رہنما بھی تھے۔ آپ نے اپنی قیادت میں جوانوں کو یہ یقین دلایا کہ وطن کی حرمت کے دفاع میں کسی قربانی کو چھوٹا نہیں سمجھنا چاہیے۔

آپ کے دلیرانہ فیصلے اور ثابت قدمی پاک فوج کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔12 ستمبر 1965 کو آپ نے مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ آپ کی شہادت دشمن کے لیے ایک واضح پیغام تھی کہ پاکستانی قوم اور افواج اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ آپ کی شہادت نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔آپ کی قربانی صرف ایک فوجی کی قربانی نہ تھی، بلکہ یہ پورے پاکستان کے لیے ایک سبق تھی کہ وطن سے محبت اور اس کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا سب سے بڑی سعادت ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آپ کا نام آج بھی پاکستانی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی عظمت اور بہادری نوجوان نسل کے لیے ایک آئیڈیل کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ کی قربانی نئی نسل کو یہ پیغام دیتی ہے کہ وطن کی آزادی اور بقاء کے لیے ہمیں بھی ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔پاکستان کے شہداء کی قربانیاں ہی اس ملک کی اصل طاقت ہیں۔ آج جب ہم اپنی آزادی کی نعمت سے فیض یاب ہیں تو اس میں میجر عزیز بھٹی شہیدؒ جیسے عظیم فرزندِ وطن کی لازوال قربانیوں کا بڑا حصہ ہے۔

آپ کی 60ویں برسی پر پوری قوم سرخرو اور سربلند ہے کہ اس کے بیٹوں نے وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ قوم آج اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور پاکستان کی حفاظت ہمیشہ سب سے مقدم رکھی جائے گی۔میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی شخصیت ہمارے لیے صرف ایک فوجی ہیرو کی نہیں بلکہ ایک عہد، ایک جذبے اور ایک عزم کی علامت ہے۔

آپ نے ثابت کیا کہ ایمان، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار قوم کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ آج جب ہم آپ کی 60ویں برسی منا رہے ہیں تو یہ عہد بھی دہراتے ہیں کہ پاکستان کی حفاظت اور اس کے وقار کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے۔ شہداء کی قربانیاں ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی اور ہمیں حوصلہ دیتی رہیں گی کہ وطن عزیز کی حرمت اور بقا کے لیے ہر لمحہ تیار رہیں۔\932