جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں RIPE معیار کے تحت ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ مکمل

جمعرات 26 جون 2025 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ادارہ جاتی کارکردگی کا مکمل اور جامع جائزہ کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ یہ جائزہ 21 اور 23 جون 2025 کو منعقد کیا گیا. جس کی میزبانی کیو ای سی جے ایس ایم یو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے کی۔ اس جائزے کے لیے ایک کمیٹی نے یونیورسٹی کا دورہ کیا۔

وفد میں مختلف جامعات سے آنے والے ماہرین شامل تھے۔ کمیٹی نے ادارے کی کارکردگی کو RIPE کے 16 مقررہ معیار کے مطابق جانچا۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر اسرار احمد خان (رجسٹرار، بقائی یونیورسٹی)، ڈاکٹر سید وقار الحسن (ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل، سلیم حبیب یونیورسٹی، ڈاکٹر سعیدہ جنید ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل، بقائی میڈیکل یونیورسٹی، اور محترمہ امبرین آصف قریشی مشیر، انٹیلیکٹ شامل تھیں۔

(جاری ہے)

جائزے کا عمل مختلف سطحوں پر کیا گیا جس میں دستاویزی جائزہ، ذمہ دار افسران سے ملاقاتیں، مختلف اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ سے بات چیت، اور اہم شعبہ جات کا دورہ شامل تھا۔اختتامی اجلاس میں مہمان ماہرین نے اپنے ابتدائی تاثرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن کے سامنے پیش کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس عمل کا مقصد صرف خامیوں کی نشاندہی نہیں بلکہ معیار کو بہتر بنانا اور اسے قومی و بین الاقوامی سطح کے مطابق بنانا ہے۔

وائس چانسلر نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ یونیورسٹی تمام سفارشات پر عمل کرتے ہوئے بہتری کی جانب پیش قدمی جاری رکھے گی۔آخر میں وائس چانسلر نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور جائزہ کمیٹی کی محنت اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔