ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ : پاکستان اپنا پہلا میچ سعودی عرب کے خلاف 27 جون کو کھیلے گا

جمعرات 26 جون 2025 19:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ سعودی عرب کے خلاف (کل) 27 جون بروز جمعہ کو جنوبی کوریا میں کھیلے گا۔ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 27 جون سے 4 جولائی تک کوریا میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں گیارہ ملکوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گروپ اے میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل ہیں۔پاکستان کو گروپ بی میں چائنیز تائپے، جاپان، کوریا، مالدیپ اور سعودی عرب کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان اپنے گروپ بی میں پانچ لیگ میچ کھیلے گا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ سعودی عرب کے ساتھ 27 جون کوکھیلے گا۔ دوسرا میچ 28 جون کو چائنیز تائپے کے ساتھ، تیسرا میچ کوریا کے ساتھ 29 جون کو جبکہ پاکستان اپنے گروپ میں اپنا چوتھا اور پانچواں میچ جاپان اور مالدیپ کے ساتھ بالترتیب 30 جون اور یکم جولائی کو کھیلے گا۔