سپیکرقومی اسمبلی سے چیئرمین نیب کی ملاقات، نیب کی سالانہ رپورٹ 2023-24 پیش کی

جمعرات 26 جون 2025 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر)نذیر احمد بٹ نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور نیب کی سالانہ رپورٹ 2023-24 پیش کی۔ جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نیب کی 5311 ارب روپے کی تاریخی ریکوری پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نیب کی بے مثال ریکوریاں اس کی غیرجانبداری اور موثر کارکردگی کا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے نیب میں کفایت شعاری، ڈیجیٹل تبدیلی اور اے آئی سے شفاف تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا، شکایات کے ازالے کیلئے نیب کی سہولت کاری اقدامات پر سپیکر قومی اسمبلی نے ستائش کرتے ہوئے نیب دفاتر میں احترام اور عزت کے ساتھ سلوک کیلئے سپیشل اکائونٹیبلٹی ڈیسک کے قیام کو سراہا۔چیئرمین نیب نے ادارے کو ماڈل ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو کاروبار فرینڈلی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیب کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافے کیلئے کوشاں ہے تاکہ ملک معاشی اور اقتصادی ترقی پر گامزن ہو سکے۔