محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق اور باطل کے درمیان فرق کی پہچان کا درس دیتا ہے۔، اسپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 26 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہجری سال 1447 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان اور عالمِ اسلام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق اور باطل کے درمیان فرق کی پہچان کا درس دیتا ہے۔

محرم الحرام 1447 ہجری کے آغاز پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار رفقاء نے ظلم و جبر اور ناانصافی کے خلاف جس استقامت، صبر اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کربلا کا پیغام مسلمانوں تک محدود نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے برائی کے خلاف جدوجہد اور سچائی کے قیام کا درس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظیم قربانی نے ہمیں سکھایا کہ حق کے لیے ڈٹ جانا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائی آج بھی ظلم و بربریت، جبر اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔ محرم الحرام ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم حق و انصاف کا ساتھ دیں، مظلوموں کی حمایت کریں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔

پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہر سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد فلسطین اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور ہمارے مظلوم بھائی ظلم و جبر سے نجات پاکر عزت، وقار اور امن کے ساتھ آزاد زندگی بسر کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا ہجری سال امتِ مسلمہ کے لیے امن، وحدت، ترقی اور مظلوموں کے لیے راحت، انصاف اور نجات کا ذریعہ بنے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ زمانہ جدید کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جذبہ حسینی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم، ہمیں فرقہ واریت، نفرت، عدم برداشت اور تشدد سے بچتے ہوئے اتحاد، یکجہتی، اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں چاہیے کہ ان عظیم اقدار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں، تاکہ معاشرتی توازن، انصاف اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ علما و مشائخ مذہبی ہم آہنگی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے فروغ میں بنیادی ستون ہیں۔ ان کی رہنمائی ، بھائی چارے اور امن کے قیام کے لیے معاشرے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے علما و مشائخ کو محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اخوت کے پیغام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ہر شہری کو چاہیے کہ امن و امان کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ ہم مل کر ایک پرامن اور متحد پاکستان کی تشکیل ممکن بنا سکیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو امام حسینؑ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، اور وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔