معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کی اپنی دولت بارے لب کشائی

بہت ہوگیا یہ جعلی پروپیگنڈا، یہ کافی مضحکہ خیز تھا لیکن اب یہ پروپیگنڈا اور نہیں چلے گا،فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے دنیا کا سب سے بڑا کرتہ سلائی کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام درج کروایا

جمعہ 27 جون 2025 14:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے اپنی دولت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل کا اظہار کردیا۔2022 میں ایک خبر سامنے آئی تھی جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ دیپک پروانی پاکستان کے سب سے دولت مند ہندو ہیں اور ان کی کل دولت قریب 71 کروڑ پاکستانی روپے ہے۔بعدازاں یہ خبر بغیر تصدیق کے مختلف سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بھی گردش کرتی رہی۔

اب دیپک پروانی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی دولت کے بارے میں مختلف ویب سائٹس پر شائع ہونے والی ان خبروں کے اسکرین شاٹ شیئر کیے اور ان خبروں کو جعلی قرار دے دیا ہے۔انہوں نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہت ہوگیا یہ جعلی پروپیگنڈا، یہ کافی مضحکہ خیز تھا لیکن اب یہ پروپیگنڈا اور نہیں چلے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دیپک پروانی 1974 میں صوبہ سندھ کے ضلع میرپورخاص میں ایک سندھی ہندو گھرانے میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے 1996 میں اپنا فیشن لیبل لانچ کیا جو بعد میں ایک مشہور فیشن برانڈ بن گیا۔دیپک پروانی کو پاکستانی فیشن انڈسٹری کے لیے خدمات پر اب تک کئی اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے جن میں 7 لکس اسٹائل ایوارڈز، 5 بی ایف اے ایوارڈز اور انڈس اسٹائل گرو ایوارڈ شامل ہیں۔ 2014 میں بلغاریہ فیشن ایوارڈز میں انہیں دنیا کے ٹاپ ڈیزائنرز میں چھٹے نمبر پر آنے پر کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ دیپک پروانی نے دنیا کا سب سے بڑا کرتہ سلائی کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام درج کروایا۔