کراچی سے جدہ جانیوالے سعودی ایئر لائن کے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، ہنگامی لینڈنگ

ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو طیارے میں تکنیکی خرابی محسوس ہوئی، پرواز میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 27 جون 2025 12:20

کراچی سے جدہ جانیوالے سعودی ایئر لائن کے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جون 2025) کراچی سےجدہ جانے والی سعودی ائیرلائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔ کراچی سےجدہ جانے والی سعودی ائیرلائن کے طیارے کے ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو طیارے میں تکنیکی خرابی محسوس ہوئی جس کے بعد طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ائیر لائن کاطیارہ کراچی سے جدہ جارہا تھا جس میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے۔

ذرائع کے مطابق پرواز کے کچھ دیر بعد ہی طیارے کے انجن میں آگ کی وارننگ آئی جس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کیلئے اے ٹی سی نے رن وے کو خالی کرواکر طیارے کو لینڈ کرایا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سعودی ائیرلائن کے طیارے کے معائنے کیلئے انجینئرنگ ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل بھی ریاض سے پشاور پہنچنے والا سعودی ایئر لائن کا طیارے حادثے بچا تھا،  پرواز ایس وی 792 کے طیارے کی لینڈنگ ہوتے ہی الٹے ہاتھ کے لینڈنگ گیئر سے دھواں اور چنگاری اٹھنا شروع ہوگئیں۔

(جاری ہے)

جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کوبروقت آگاہ کیا اور کپتان نے ایمرجنسی بریک لگادیئے۔ سول ایوی ایشن کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر فائر اینڈ ریسکیو سروسز کو مطلع کیا، فائر ٹینڈر نے بروقت کارروائی کی اور لینڈنگ گیئر میں ہونیوالی آتشزدگی پر فوراً قابو پا کر جہاز کو بڑے حادثے سے بچا لیا گیا تھا۔