ملک میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو فعال بنانے کی ضرورت ہے، صباء شمیم جدون

جمعہ 27 جون 2025 17:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ویمن کمیشن کی رکن اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (ویمنز ونگ) کی صدر صباء شمیم جدون نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانے اور باقاعدگی سے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی بہت ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیمی ادارے کھیلوں کی بنیادی نرسری کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مرد اورخواتین کھلاڑیوں نے دنیا میں کھیلوں کے میدانوں میں کئی دہائیوں تک ملک و قوم کا نام روشن رکھا ہے، ان میں کرکٹ، سکواش، ہاکی اور سنوکر جیسے کھیلوں کے مقابلے شامل تھے۔

انہوں نےکہا کہ حکومت اور سپورٹس فیڈریشنز کو مل کر ممنوعہ ادویات کے حوالے سے سیمینارز منعقد کروانے چاہئیں تاکہ کھلاڑیوں کو ممنوعہ ادویات کے نقصانات کے حوالے سے معلومات حاصل ہو سکیں۔ صباء شمیم جدون نے کہا کہ ملک میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے کھیلوں کی ترقی کے لئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔