دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کیلئے امن و سلامتی کا پیغام لائے، مریم نواز

جمعہ 27 جون 2025 18:04

دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کیلئے امن و سلامتی کا پیغام لائے، مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ نیا اسلامی سال امت مسلمہ کیلئے امن اور سلامتی کا پیغام لائے،محرم الحرام ہمیں امام حسین علیہ السلام کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے،سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔جمعہ کے روزآغازِ محرم الحرام و نیا اسلامی سال پر جاری اپنے ایک پیغام میں دعا کرتے ہوئے وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ نیا اسلامی سال امت مسلمہ کیلئے وحدت و اتحاد کا پیامبر ہو،اللہ تعالی نئے اسلامی سال1447ھ کو پاکستانی عوام کیلئے امن و ترقی،خوشحالی و خوشیاں اور عالم اسلام کیلئے باعث رحمت و برکت ہو۔

وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا امام حسین کی عظیم شہادت کی یاد بھی دلاتا ہے،حضرت امام حسین کا پیغام ہر دور کے مظلوم کو حوصلہ دیتا ہے اور ظالم کو للکارتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں اختلاف اور تفرقہ نہیں بلکہ تحمل و برداشت کو اپنائیں،دشمن کے ہر حربے سے باخبر بھی ہیںاور متحد بھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں،سوشل میڈیا پر منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،مجالس اور جلوسوں میں ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہے،خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی ۔