حضرت عمر فاروقؓ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ اور اسلام کی تاریخ کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 27 جون 2025 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا نام عمر،لقب فاروق اور کنیت ابو حفص تھی۔آپ کا شمار عرب کے ان چند افراد میں ہوتا تھا، جو لکھنا پڑھنا جانتے تھے۔ ذریعہ معاش تجارت تھا،حضرت عمر نے عراق، شام اور مصر کے متعدد سفر کئے جن سے آپ میں تجربہ کاری اور معاملہ فہمی کے اوصاف میں نکھار پیدا ہوا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری،مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے یوم شہادت پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ثروت اعجاز قادری حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبوت کے چھٹے برس مشرف بہ اسلام ہوئے اور دربارِ رسالت سے فاروق کا خطاب حاصل کر کے تاریخ عالم کی فقید المثال شخصیات میں داخل ہو گئے،جنہیں انگلیوں پر گنا جا سکے۔

(جاری ہے)

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ اور اسلام کی تاریخ کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔عمر فاروق رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریبی صحابہ میں سے تھے۔فاروق اعظم کو سید عرب و عجم، رحمتِ دو عالم، خاتم النبیین، نبی کریم حضرت محمد ﷺ نے اپنے رب کریم سے دامن دعا پھیلا کر مانگا تھا۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری کا کہنا تھا کہ عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں اسلامی سلطنت بہت تیزی سے پھیلی۔

ان کی خلافت کا دور 10سال پر محیط تھا۔حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں بیت المقدس سمیت کئی اہم علاقے فتح ہوئے۔انہوں نے عدل و انصاف پر مبنی ایک مضبوط نظام قائم کیا۔اپنے دور میں فتوحات کے ساتھ ساتھ انتظامی اور قانونی اصلاحات بھی کیں۔مسلمانوں میں خلیفہ راشد اور عادل حکمران کے طور پر جانے جاتے ہیں۔مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا نسب آٹھویں پشت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملتا ہے۔

آپ کے اسلام قبول کرنے کے بعد مسلمانوں نیعلانیہ خانہ کعبہ میں نماز ادا کی۔حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ایک عظیم رہنما،مدبر اور عادل حکمران تھے۔ان کی زندگی اور کارنامے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔