پاکستان ریلویز نے 16 مسافرٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کردیں

خبیرمیل، تیزگام ، ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس سمیت دیگرٹرینوں سے بوگیاں کم کی گئی ہیں، ریلوے حکام

جمعہ 27 جون 2025 21:46

پاکستان ریلویز نے 16 مسافرٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کردیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)پاکستان ریلویز نے ملک میں چلنے والی 16 مسافر ٹرینوں سے 30بوگیاں کم کردیں۔ محکمہ ریلویز کے نوٹی فکیشن کے مطابق ریلوے کو مسافر بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے جس کی بنا پر ریلوے نے بولان میل سمیت 16 ٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ان ٹرینوں میں خبیر میل، تیز گام ، ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس، ذکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قراقرم ایکسپریس، سبک رفتار، شاہ حسین ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس بھی ان ٹرینوں میں شامل ہیں جن کی بوگیاں کم کی گئیں۔ محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے ہفتے میں 2 روز کراچی جانے والی بولان میل کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے بجائے اس کی بھی 3 بوگیاں کم کرکے 12 سے 9 بوگیاں کردی ہیں۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے 25مارچ کو کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بولان میل کو یکم اپریل سے روزانہ چلانے کا اعلان کیا تھا جس پر اب تک عمل نہیں ہوسکا ہے۔