پولیو کیخلاف حکومتی ایکشن پلان حتمی مراحل میں داخل

گزشتہ 30برسوں میں پولیو کیسز میں 99.6 فیصد کمی آئی، عائشہ رضا فاروق

جمعہ 27 جون 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)پولیو ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کا اجلاس 24 سے 26 جون تک اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں انسداد پولیو حکمت عملی اور گزشتہ چھ ماہ کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔قومی ادارہ صحت نیشنل ای او سی کے مطابق اجلاس میں جی پی ای آئی کے پولیو ماہرین، پولیو پروگرام کی قیادت، صوبائی نمائندگان اور ڈونرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، پولیو کے خلاف ہماری جدوجہد حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ مسلسل محنت کے سبب گزشتہ 30 برسوں میں پولیو کیسز میں 99.6 فیصد کمی آئی۔ قومی اور صوبائی ٹیموں کی محنت سے مہمات کا معیار بہتر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ایمرجنسی ایکشن پلان کا حتمی روڈ میپ صوبائی ٹیموں کی مشاورت سے تیار کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ 6 ماہ میں پولیو وائرس کے ہاٹ زونز پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک وائرس کے پھیلائو کو روکنا ہمارا ہدف ہے۔