لله*سوات سانحہ انتظامی نااہلی،مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ،ذمہ داروں کیخلاف کاروائی ہونی چاہئے،خالد مسعود سندھو

سوات میں سیلابی ریلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر صدر مرکزی مسلم لیگ کا اظہار افسوس

جمعہ 27 جون 2025 20:20

۳ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے سوات میں سیلابی ریلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ قدرتی آفت سے زیادہ انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے جس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، خیبر پختونخوا حکومت متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرے، لاپتہ افراد کی تلاش میں جدید وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔

خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ دریائے سوات میں سیاحوں کا سیلابی ریلے میں پھنس جانے کے بعد ریسکیو کا تاخیر سے پہنچنے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پرعائد ہوتی ہے،انتہائی افسوس کی بات ہے کہ این ڈی ایم اے مسلسل ہدایات جاری کر رہا ہے لیکن صوبائی حکومت سیاحوں کی جانوں کی حفاظت کے لئے کوئی انتظام نہیں کر رہی،سوات جیسے سیاحتی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے نہ کوئی واضح حکمتِ عملی موجود ہے اور نہ ہی انفراسٹرکچر، صوبے کو تباہ کرنے والوں کا احتساب کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

خالد مسعود سندھو نے سوات کے سیلابی ریلے میں جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کی ہے ،جبکہ ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ افراد کو تلاش کیا جائے،اور پیشگی حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔