موجودہ پیچیدہ اور مشکل عالمی حالات میں پاکستان نے متوازن اور تعمیری کردار ادا کیا ہے،گورنر بلوچستان

جمعہ 27 جون 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ اور مشکل عالمی حالات میں پاکستان نے متوازن اور تعمیری کردار ادا کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ دنیا میں امن و ترقی کیلئے مل جل کر کام کیا جا ئے ،یہ بات انہوں نےگورنر ہائوس کوئٹہ میں رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ارتقاء اور ترقی کے سفر میں انسان ایک نئے مرحلہ میں داخل ہو رہا ہے جہاں معیشت اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو اولین اہمیت حاصل ہے، ان شعبوں کو نظرانداز کر کے کوئی بھی قوم یا ملک تعمیر وترقی کی نئی منازل طے نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عصر حاضر کے نئے تقاضوں کے مطابق پاکستانی قوم بھی ترقی کے نئے امکانات اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے محنت، جرات اور قومی اتفاق رائے کا مظاہرہ کر ے گی،گورنر مندوخیل نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں انسانی وسائل و افرادی قوت کی ترقی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے ہمیں عوام کی اجتماعی فلاح و بہبود کو اولین اہمیت د ینا ہوگی۔