بی جے پی ریاستی درجہ بحال کرنے کے حوالے سے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، رہنما نیشنل کانفرنس

ہفتہ 28 جون 2025 12:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر اجے کمار سدھوترا نے علاقے کا ریاستی درجہ بحال کرنے میں لیت و لعل سے کام لینے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو کٹری تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اجے کمار سدھوترا نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی ریاستی درجہ بحال کرنے کے حوالے سے دھوکہ دہی سے کام لے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پارٹی لائنوں، مذہبی عقائد، علاقائی شناختوں اور ذات پات کی تقسیم سے بالاتر ہے۔ سدھوترہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک عرصے سیاسی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خطے کو ترقی اور دیگر کئی حوالوں سے نمایاں نقصان پہنچاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں پارلیمنٹ میں بیانات دیے لیکن اب وہ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے ، اسے اس بارے میں بات چیت کرنی چاہیے، محض یقین دہانیوں سے کام نہیں چلے گا۔