Live Updates

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم سے سابق برطانوی قومی سلامتی کے مشیر مارک لائل گرانٹ کی ملاقات

ہفتہ 28 جون 2025 18:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) سابق سینیٹر اور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے سابق برطانوی قومی سلامتی کے مشیر مارک لائل گرانٹ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا مسلم ملک ہے جو اپنی تمام تر توجہ عوام کی اقتصادی ترقی اور فلاح و بہبود پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ دولت مشترکہ کے بانی اراکین ہونے کے ناطے صحت، تعلیم، معیشت، تجارت، سیاحت، زراعت، فارمنگ اور دفاعی پیداوار جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر مارک لائل گرانٹ جو کہ پاکستان میں سابق برطانوی ہائی کمشنر، اقوام متحدہ میں سابق برطانوی سفیر اور لندن کے کنگز کالج میں اسٹریٹجک ایڈوائزر اور وزٹنگ پروفیسر بھی رہ چکے ہیں، نے عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستان کی حکومتی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی مثبت خدمات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بہادر افواج کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی اعتماد، تعاون اور حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات