Live Updates

کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کو ٹرک نے ٹکر مار دی

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں

ہفتہ 28 جون 2025 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)کراچی ائیر پورٹ پر ٹارمک ایریا میں کھڑے ہوئے طیارے سے ٹرک ٹکرا گیا۔اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی کارگو کمپنی کا طیارہ معمول کی لوڈنگ/ ان لوڈنگ کیلیے پارک گیا تھا۔پارکنگ میں کھڑے ہوئے طیارے کو اچانک ایک لوڈر ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ممکنہ طور پر لوڈر ٹرک کے بریک گیلی سطح کی وجہ سے فیل ہوئے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ایئر سائیڈ حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔دوسری جانب مون سون بارشوں کے باعث کراچی ائیرپورٹ کے رن وے اور اطراف میں بڑی تعداد میں کیڑے مکوڑے آگئے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے رن وے پر اسپرے کا عمل شروع کردیا ہے۔رن وے پر بارش کے بعد کیڑے مکوڑوں کو کھانے والے پرندے طیاروں کیلیے بڑا خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی کراچی ائیرپورٹ پر 2 طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات ہوئے تھے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کے محفوظ فلائٹ آپریشن کیلیے فیومیگیشن عمل شروع کردیا ہے جبکہ ایئرلائنز کے کپتانوں کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران انتہائی احتیاط کی ہدایت کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ 4 جولائی تک کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق ہفتہ کو بھی بارش کے باعث سیسنا، پائپر ساختہ ہلکے وزن کے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا ۔

لائٹ ویٹ طیاروں کو بارش کے موسم حد نگاہ اور ہوا میں بیلنس قائم رکھنے میں دشواری ہوتی ہے۔ایئرپورٹ اتھارٹی نے سنگل انجن کے حامل تربیتی چھوٹے طیاروں کو حفظ ماتقدم کے طور پر فلائنگ سے روکا ہے۔ ذرائع کے مطابق لائٹ ویٹ طیاروں کو ونگز کے ساتھ وزن لگا محفوظ مقام پر پارک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات