رائے ونڈ میں اہل علاقہ کا بجلی کی بندش کے خلاف روڈ بلا ک کرکے احتجاجی مظاہرہ

لیسکو سب ڈویژ ن افسران کی ہٹ دھرمی کے باعث شہری بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں‘مظاہرین

ہفتہ 28 جون 2025 19:45

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) رائے ونڈ میں اہل علاقہ نے بجلی کی بندش کے خلاف روڈ بلا ک کرکے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو سب ڈویژ ن افسران کی ہٹ دھرمی کے باعث شہری بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں ،ایس ڈی او سرکاری گاڑی کو ذاتی استعمال کررہا ہے جبکہ ،سینکڑوں شہری کئی کئی دن بجلی کی عدم فراہمی سے ذہنی مریض بن گئے ہیں ۔

مظاہرین نے کہا کہ رائے ونڈ سب ڈویژن لیسکو افسران نے شہریوں کا جینا محال کررکھا ہے سینما روڈ ڈیرہ بھٹیاں والا ٹرانسفارمر وولٹیج کئی ماہ سے کم وبیشی کی وجہ سے شہریوں کی الیکڑانک مصنوعات جل چکی ہیں،مرکزی امام بارگاہ کو بجلی سپلائی معطل ہو رہی ہے گلہ احسان والا ٹرانسفارمردن میں 12گھنٹے بند رہتا ہے شہری حبس اور گرمی کی وجہ سے نڈھال ہو رہے ہیں،مفتی کالونی میں نصب ٹرانسفارمر کا جمپر خراب ہونے سے شہادت کانفرنس کے منتظمین کو مشکلات درپیش آرہی ہیں،مکو والی جھلار چار روز سے ٹرانسفارمر خراب ہونے سے شہری ذہنی مریض بن چکے ہیں کوئی پرسان حال نہیں،کوٹ بابو خاں کا نیا ٹرانسفارمر نصب نہ ہونے سے بجلی کی بندش سے شہریوں کا نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے بابلیانہ فیڈر کا بند رہنا معمول بن چکا ہے،شہر کے گنجان آباد علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرکے لیسکو افسران اعلی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر جعلی ٹارگٹ پورا کرنے میں مصروف رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں کی کثیر تعداد نے رائے ونڈلیسکو سب ڈویژن ایس ڈی او مبشر حسین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقوں میں کئی روز سے بجلی بند ہے ایس ڈی او سمیت کوئی افسر ہمارے بات سننے کو تیار نہیں،ہمارے گھروں میں مریض موجود ہیں بجلی کی عدم فراہمی سے مریضوں کی حالت غیر ہو جاتی ہے،جبکہ ایس ڈی او ہمارے مسائل حل کروانے کی بجائے سرکاری گاڑی کو ذاتی استعمال کررہا ہے ٹھنڈی گاڑی اور ٹھنڈے کمروں سے باہر نکلنے کی زحمت گوارا نہیں کرتا،شہریوں نے چیف ایگز یکٹو لیسکو محمد رمضان بٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ڈی او سمیت دیگر افسران کو تبدیل کرکے فرض شناس عملہ تعینات کیا جائے جو رائے ونڈکے شہریوں کے مسائل کو حل کروانے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔