وزیراعلی مریم نواز کا پہلے فیز میں جنوبی پنجاب اور پسماندہ اضلاع کو 240ای بسیں فراہم کرنے کی ہدایت

لاہور،فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی کیلئے500 ای بسوں کی فراہمی اگست سے اکتوبر تک ہوگی، ہرنئی چیز بڑے شہروں کو دینے کا کلچر تبدیل کرنا ہوگا، دیہات کو بڑے شہروں کے برابر لائیں گے، وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 جون 2025 20:08

وزیراعلی مریم نواز کا پہلے فیز میں جنوبی پنجاب اور پسماندہ اضلاع کو ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 جون 2025ء ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ ای بسیں فراہم کرنے کا حکم دیا اور دوردراز اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹراک بسیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی اورالیکٹراک بس پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ہر نئی چیز بڑے شہروں کو دینے کا کلچر تبدیل کرنا ہوگا، دیہات کو بڑے شہروں کے برابر لائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 24 اضلاع کو ترجیحی بنیادو ں پر 240 الیکٹراک بسیں دینے کی ہدایت کی- پہلے مرحلے میں آنے والی 240ای بسیں نسبتاً پسماندہ اضلاع کو فراہم کر دی جائیں گی- لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی کے لئے 500 ای بسوں کی فراہمی اگست سے اکتوبر تک ہوگی- نومبر سے دسمبر تک پنجاب میں 600 الیکٹراک بسیں مزید آئیں گی- پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت شیخوپورہ، ننکانہ، قصور اور لاہور کو 400 الیکٹراک بسیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ بی آر ٹی پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- گوجرانوالہ میں بی آرٹی کو پورے شہر اور مضافات سے منسلک کرنے کے لئے 80فیڈر بسیں چلائی جائیں گے- راہوالی تا ایمن آباد تقریباً22 کلومیٹر طویل بی آر ٹی سسٹم پر 28 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے-گوجرانوالہ بی آر ٹی روٹ میں  توسیع کرنے کی تجویزکا جائزہ لیاگیا-گوجرانوالہ بی آر ٹی سسٹم پر ہر آٹھ منٹ کے بعد دوطرفہ ٹرانسپورٹ میسر ہو گی- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ میں بی آر ٹی کے روٹ پر ٹریفک کو سمارٹ سلوشن سے کنٹرول کرنے کی ہدایت کی۔

گوجرانوالہ بی آر ٹی کے لئے 4 الیکٹراک بس ڈپو قائم کیے جائیں گے۔ فیصل آباد میں اورنج لائن اور ریڈلائن ٹرانسپورٹ سسٹم پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا- ریڈ لائن بس سروس 23.4 کلو میٹر طویل اور 24 سٹیشن پر مشتمل ہوگی۔ ریڈلائن پر ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد مسافر سفر کرسکیں گے۔ اورنج لائن 29 کلومیٹر طویل 21 سٹیشن پر مشتمل ہوگی، ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے-وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیڈمک سے سلامی چوک تک روٹ بھی شامل ہیں -وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو عوامی افادیت کے تمام پراجیکٹ بلا تاخیر شروع کرنے کی ہدایت کی اورای بسوں کے روٹس عوام کی آمدورفت کو مد نظر رکھ کر مقرر کرنے کا حکم دیا- اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ سسٹم روٹس کا بھی جائزہ لیا گیا- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ عوامی ضروریات کا تعین کرکے بسیں دینا چاہتے ہیں، صرف عوام کے لئے سوچنا ہے۔

تمام اضلاع میرے لئے برابر ہیں، ترقی کے سفر میں یکساں مواقع اور سہولتیں ملنی چاہئیں۔