ایف بی آر کومہم جوئی کی روش کو ختم کرنا ہوگا ‘ ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ

ٹیکسز کی تعداد ،شرح کم کر کے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے ‘ چیئرمین حبیب الرحمن زبیری

اتوار 29 جون 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے دعوئوں کے باوجود ابھی تک ٹیکس کے نظام میں پائیدار اصلاحات نہیں کی جا سکیں، نت نئے تجربات اور رات کے اندھیرے میں ایس آر اوز کے اجراء سے معیشت سے جڑے شعبے خوف کا شکار ہو رہے ہیں ،ایف بی آر کومہم جوئی کی روش کو ختم کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹیکسیشن نظام پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر زوہیب الرحمن زبیری،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدور واصف علی شیخ،تابش علی جاوید،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری اورجوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حبیب الرحمن زبیری نے کہا کہ خطے سمیت دنیا کے دیگر ممالک کا جائزہ لیا جائے تو وہاں پر نہ صرف ٹیکسز کی تعداد بلکہ شرح بھی کم ہے اس لئے ٹیکس چوری اور لیکجز کم ہیں ۔

پاکستان میں ٹیکس کا نظام انتہائی پیچیدہ ہونے کے ساتھ ٹیکسز کی تعداد اور شرح بھی انتہائی زیادہ ہے جس کی وجہ سے قابل ٹیکس آمدن رکھنے والے بھی چور راستے تلاش کرتے ہیں۔ حکومت تعداد اور شرح کم کر کے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے تو دعوے سے کہا جا سکتا ہے کہ حکومت مالی سال کے اختتام سے پہلے محصولات کا ہدف حاصل کرلے گی لیکن بیورو کریسی کبھی بھی ایسا نہیں ہونے دے گی کیونکہ ان کی اہمیت ختم ہو جائے گی جو انہیں کسی صورت برداشت نہیں۔