پنجاب نصابی اتھارٹی کی سنگین غلطی‘ کیمسٹری کی کتاب میں دہلی کے لال قلعہ کی تصویر شائع

پیکٹا حکام کی جانب سے تاحال اس غلطی پر کوئی باضابطہ وضاحت یا معذرت سامنے نہیں آئی

اتوار 29 جون 2025 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کی جانب سے فرسٹ ایئر کی کیمسٹری کی نصابی کتاب میں ایک حیران کن غلطی سامنے آ گئی۔ ماحولیات کے باب میں سموگ کے اثرات بیان کرتے ہوئے شاہی قلعہ لاہور کی جگہ دہلی کے مشہور لال قلعہ کی تصویر شائع کر دی گئی۔یہ تصویر کیمسٹری کی اس کتاب میں شامل ہے جسے سرکاری سطح پر تعلیمی اداروں میں پڑھایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تصویر کے نیچے دہلی کے لال قلعہ کو شاہی قلعہ لاہور ہی لکھا گیا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے بارے میں مضمون میں مقامی سیاق و سباق کے بجائے بھارتی تاریخی ورثے کی تصویر شائع کرنے پر تعلیمی حلقوں اور ماہرین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پیکٹا حکام کی جانب سے تاحال اس غلطی پر کوئی باضابطہ وضاحت یا معذرت سامنے نہیں آئی۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کتاب میں غلط تصویر چھاپنے پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انکوائری کے بعد حقائق سامنے آنے پر کارروائی کریں گے۔