شبیر احمد شاہ کی علالت کشمیریوں کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے،محترمہ خولہ خان

اتوار 29 جون 2025 14:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)چیئرپرسن خان آف منگ فاؤنڈیشن محترمہ خولہ خان نے حریت رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیری رہنما کی زندگی بچانے کے لئے فوری مداخلت کرے اور ان کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے،کشمیری قائد شبیر احمد شاہ کو پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے وہ 2017 میں گرفتاری کے بعد سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ شبیر احمد شاہ کی علالت کشمیریوں کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے اور کشمیری عوام ان کے لئے سخت فکرمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹروں نے ان کی سرجری کا مشورہ دیا ہے تو ہسپتال میں ان کی سرجری کے دوران اہل خانہ کی موجودگی ایک جائز مطالبہ ہے جسے بغیر کسی اعتراض کے پورا کیا جانا چاہیے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کے ساتھ اس سنگین مسئلے کو اٹھائیں تا کہ علاج کے دوران شبیر احمد شاہ کی اچھی دیکھ بھال کی جاسکے۔

(جاری ہے)

اور شبیر احمد شاہ کی رہائی کو یقینی بنایا جائے تا کہ علاج کے دوران وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہ سکیں جسکی انہیں سخت ضرورت ہے۔انھوں نے شبیر احمد شاہ کی لمبی زندگی اور مکمل صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔