محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق اور باطل کے درمیان فرق کی پہچان کا درس دیتا ہے،عبدالغفور عباسی

اتوار 29 جون 2025 14:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)صدر مسلم لیگ ن حلقہ لچھراٹ عبدالغفور عباسی نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق اور باطل کے درمیان فرق کی پہچان کا درس دیتا ہے حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار رفقاء کی ظلم و جبر اور ناانصافی کے خلاف استقامت، صبر اور قربانی قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام پوری انسانیت کے لیے برائی کے خلاف جدوجہد اور سچائی کے قیام کا درس ہے۔

حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی نے ہمیں سکھایا کہ حق کے لیے ڈٹ جانا ہی حقیقی کامیابی ہے، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جذبہ حسینی کی اشد ضرورت ہے،ان کا مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی،ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائی آج بھی ظلم و بربریت، جبر اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ محرم الحرام سکھاتا ہے کہ ہم حق و انصاف کا ساتھ دیں، مظلوموں کی حمایت کریں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہر سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ بہت جلد فلسطین اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور ہمارے مظلوم بھائی ظلم سے نجات پاکر آزاد زندگی بسر کریں گے۔