ڈاکس پولیس کا ایکشن، 2منشیات سپلائیر گرفتار، 3کلو چرس برآمد

علاقہ معززین ڈاکس تھانے پہنچ گئے، افسران و جوانوں کو ہار پہنائے، کمیونٹی پولیسنگ میرا مشن ہے، ایس ایچ او ڈاکس

اتوار 29 جون 2025 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)ڈاکس پولیس کا منشیات فروشوں و سپلائیرز کے خلاف بڑا ایکشن۔ 2منشیات سپلائیر گرفتار، 3کلو چرس، 3موبائل فونز برآمد۔ دوسری جانب ایس ایچ او ڈاکس نند لعل کی کمیونٹی پولیسنگ کی بہترین مثال قائم کرنے پر علاقہ معززین تھانے پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ساتھ زون اسد رضا، ایس ایس پی ضلع کیماڑی کے احکامات پر ایس ایچ او ڈاکس انسپکٹر نند لعل نے منشیات اور جرائم پیشہ کے خلاف بھر پور ایکشن کے لیے تکنیکی بنیادوں پر ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا۔

ایس ایچ او ڈاکس نند لعل نے مخبر کی اطلاع پر سب انسپکٹر محمد اظہر اور سب انسپکٹر عابد حسین و پولیس پارٹی کے ہمراہ مچھر کالونی جنگل سائیڈ الفلاح چوک اور مچھر کالونی ریلوے پٹری کے قریب کامیاب کاروائی کرتے ہوئے 2منشیات سپلائیروں ملزم عجب خان ولد شیر علی اور ملزم شفیق عرف راجہ ولد جاوید کو گرفتار کر کے دونوں ملزمان کے قبضے سے مجموعی 3کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

جبکہ ملزمان کے قبضے سے 3موبائل فونز بھی برآمد کر لیئے۔ ملزمان پیدل آکر مذکورہ مقام پر پہنچ کر فون کے ذریعے منشیات فروشوں کو بلا کر چرس سپلائی کرتے تھے۔ پولیس منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے کاروائی کر رہی ہے۔ دوسری جانب علاقہ معززین کا 6 رکنی وفد ڈاکس تھانے ہار پھول اور مٹھائی لے کر تھانے پہنچ گیا۔ معززین نے ایس ایچ او ڈاکس نند لعل کی کمیونٹی پولیسنگ کو سراہا، انہیں ہار پہنائے، جبکہ تھانے میں موجود تمام افسران و اہلکاروں کو پھول پیش کئے اور مٹھائی کھلائی۔

اس موقع پر ایس ایچ او ڈاکس نند لعل نے کہا کہ کرمنلز و جرائم پیشہ کے خلاف نہ رکنے والا ایکشن جاری رہے گا۔ کیونکہ کرمنلز کے خلاف ایکشن اور کمیونٹی پولیسنگ میرا مشن ہے۔ علاقہ معززین نے ایک ہفتہ کے دوران ڈاکس تھانے میں پولیس کی بہترین کمیونٹی پولیسنگ کو سراہا۔