یکم محرم حضرت عمر فاروق کا یوم شہادت ،10محرم امام حسین کا یوم شہادت ہے،اسلام میں دونوں ہستیوں کو ایک منفرد مقام حاصل ہے، غیاث الدین قادری

اتوار 29 جون 2025 19:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے بانی چیئرمین اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان سندھ کمیٹی کے ممبر ممتاز مذہبی و سماجی رہنما غیاث الدین قادری نے کہا ہے کہ یکم محرم تا 10 محرم مسلمانان عالم کیلئے امن و احترام کے دن ہیں یکم محرم کو فاتح فلسطین بیت المقدس حضرت عمر فاروق کا یوم شہادت منایا جاتا ہے اور 10 محرم کو فاتح کربلا سیدنا امام حسین کا یوم شہادت ہے اسلام میں دونوں ہستیوں کو ایک منفرد مقام حاصل ہے اسلامی فتوحات کے حوالے سے حضرت عمر فاروق کا نام تاریخ کے اوراق پر چمک رہا ہے جبکہ سید الشہداء حضرت امام حسین کا نام تاریخ کے اوراق پر روز روشن کا طرح چمک دمک رہا ہے وہ گزشتہ روز حضرت عمر فاروق اور حضرت امام حسین کی یاد میں منعقدہ محفل ذکر اہل بیت و صحابہ کرام میں اظہار خیال کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالم کفر کو کبھی اسلام کے خلاف کامیابی نہیں مل سکی مسلمانوں کا جذبہ ایمانی جذبہ جہاد اور جذبہ شہادت ان کی اصل قوت و طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کفار ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف رہے مگر ہر بار اسلام کو فتح نصیب ہوئی انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق کی شہادت سے اسلام کی تاریخ پر انمٹ نقوش مرتب ہوئے اور امام حسین کی شہادت سے اسلام ہمیشہ کیلئے زندہ و جاوید اور قائم و دائم ہوا انہوں نے کہا کہ ہم محرم میں امن کے داعی ہیں اور امن ہماری شناخت ہے سارا سال امن کا پرچم لہراتے رہیں گے اتحاد بین المسلمین آج کے دور کی اشد ضرورت ہے اور ہم نے ہمیشہ امن کی سوچ کو پروان چڑھایا ہے۔