eدریائے سوات سانحہ پر جے یو آئی (س) کا اظہار افسوس

سوات میں ایک ہی خاندان کے سا تھ پیش آنے والا دلخراش سانحہ حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے حکومتی شخصیات کیلئے توہیلی کا پٹرہیں لیکن انسانی جانیں بچانے کے لیے کوئی ہیلی کاپٹر کیوں نہیں آیا

اتوار 29 جون 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) جمعیت علما اسلام( س) پنجاب کے امیر پیر عبدالقدوس نقشبندی، ناظم اعلی مولانا ایوب خان، سیکرٹری اطلاعات ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین ،ناظم اعلی لاہور مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری رحمت اللہ لاشاری، پیر اکبر ساقی ،مولانا عبیداللہ بھکر، مولانا عرفان شاکر ودیگرذمہ داران نے دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد کے ہلاک ہونے والے دلخراش سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

یہ سانحہ سوات میں حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومتی شخصیات کے لیے ہیلی کاپٹر تو فراہم کیے جا سکتے ہیں، لیکن انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے کوئی ہیلی کاپٹر کیوں نہیں آیا یہ ایک سنگین سوال ہے، عوامی جانوں کے تحفظ میں ناکامی اور اس دلخراش واقعے پر خیبر پختونخوا حکومت کو اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ا س سانحے نے حکومتی اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔ ایسے واقعات اس بات کا غماز ہیں کہ عوامی خدمات کی فراہمی اور قدرتی آفات کے دوران فوری ردعمل کے نظام میں گہری کمزوری موجود ہے۔ اگر حکومتی سطح پر اس سانحے کے بعد بروقت اقدامات کیے جاتے تو شاید اس دلخراش واقعے کی شدت میں کمی آ سکتی تھی۔