دوارب روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل گڈانی کو بلوچستان کا ماڈل جیل بنایا جائیگا،میر علی حسن زہری

جیل میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع ترقیاتی منصوبہ کی منظوری دی ہے،صوبائی وزیر کاڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہارخیال

اتوار 29 جون 2025 20:00

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء) صدرمملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان و صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ دوارب روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل گڈانی کو بلوچستان کا ماڈل جیل بنایا جائیگا۔جیل میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع ترقیاتی منصوبہ کی منظوری دی ہے، منصوبے پر عملدرآمد کیلئے فنڈزریلیز کردیے گئے ہیں، جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڈانی جیل دورے کے موقع پر ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جیل میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹراسٹوریج ٹینک، واٹربوزر اور آر او پلانٹ کی منظوری دی ہے، صوبائی وزیرمیرعلی حسن زہری نے کہا کہ قیدیوں کو معاشرے کا ہنرمند شہری بنانے کیلئے سی ایس آرکیتحت ٹیکنیکل ورکشاپ قائم کیا جائیگا،جیل دورے کے موقع پر صوبائی وزیر نے قیدیوں کے مسائل سنے اورموقع پرجیل میں غریب خواتین قیدیوں کے کیسزکی پیروی کیلئے وکیل مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے، صوبائی وزیر نے جیل لنگرخانہ کے دورے کے موقع پر فراہم کئے جانیوالے کھانے کامعائنہ کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں صوبائی وزیر نے آرسی ڈی شاہراہ کا دورہ کیااوربارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے این ایچ اے افسران کو فوری طلب کرکے احکامات جاری کئے۔میر علی حسن زہری نے دورہ حب کے موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ جاویدجمالی اورمیئرجب وڈیرہ بابوفیض شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے فیلڈ افسران کی ناقص کارکردگی اورصنعتی شہر کے عوام کی تکالیف کانوٹس لیا ہے، حلقہ انتخاب کے عوام کی مشکلات کا ہمیں احساس ہے حلقہ انتخاب کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑینگے،میر علی حسن زہری نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حب علی رضا کھوسہ سے مون سون بارشوں کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئیگئے اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

صوبائی وزیر میر علی حسن زیری نے امام بارگاہ حسینی جام کالونی کا بھی دورہ کیا،محرم الحرام کے پیش نظر امام بارگاہ کا سکیورٹی پلان اورٹف ٹائل اسکیم کیاحکامات بھی متعلقہ ذمہ داران کوجاری کئے۔