بعض وفاقی وزراء، پنجاب کے وزیروں اور گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے قدرتی آفات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی مذمت

سانحہ سوات کے ذمہ داروں کیخلاف صوبائی حکومت نے ایکشن لے لیا ہے اور انکوائری کے بعد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،وفاقی وزراء

اتوار 29 جون 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورونے بعض وفاقی وزراء، پنجاب کے وزیروں اور گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے قدرتی آفات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ سوات کے ذمہ داروں کیخلاف صوبائی حکومت نے ایکشن لے لیا ہے اور انکوائری کے بعد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وہ سانحہ سوات میں مردان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے تین شہیدوں کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی نے سانحہ میں شہید ہوئے والے بچے کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ ظاہر شاہ طورونے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے مبینہ غفلت برتنے والے افسران کو معطل کیا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے مزید تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دریائے سوات کے کناروں سے تجاوزات ہٹانے کا آغاز کردیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ ظاہر شاہ طورو نے سانحہ کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا کے بیانات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گورنر بھی صوبے میں وفاق کا نمائندہ ہے۔ گورنر اور امیر مقام چاہتے تو این ڈی ایم اے کی خدمات لے سکتے تھے لیکن ان کا مقصد عوام کی خدمت نہیںہے۔

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ موجودہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں ہے اور قدرتی آفات پر سیاست سے گریز کرنا چاہئے۔ صوبائی حکومت نے تو ضلعی انتظامی افسران اور دیگر محکموں کے ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے اور ایسے اقدامات کیے ہیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔وزیر خوراک نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا 1122 سمیت دیگر اداروں میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے سانحات رونما نہ ہوں۔ صوبائی وزیر نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سوات کا واقعہ بڑا سانحہ ہے، اللہ تعالیٰ شہیدوں کو بلند درجات عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سانحہ متاثرہ خاندانوں کی بھرپور دلجوئی کرے گی۔