وفاقی پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے ٹھوس انتظامات

اتوار 29 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) وفاقی پولیس نے محرم الحرام کے سلسلہ میں 19 صفر تک دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے ٹھوس انتظامات کئے ہیں۔پولیس کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں 181 جلوسوں اور965 مجالس پر 16 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے سیف سٹی میں کنٹرول روم قائم کردیا گیاہے۔بتایا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی تمام سکیورٹی انتظامات کو براہ راست مانیٹرکررہے ہیں۔جلوسوں، مجالس کی ڈیوٹیز کو چیک کرنے کے لئے 10 ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز سکیورٹی ڈیوٹیز پر تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز بھی کئے جارہے ہیں۔جلوسوں، مجالس کی نگرانی 3 ہزار سے زائد کیمروں، ڈرونز کے ذریعے بھی کی جارہی ہے۔کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائی ٹیمیں ہمہ وقت چوکس ہیں۔جلوسوں، مجالس کے علاقوں میں ڈالفن کے دستے مسلسل گشت کریں گے۔ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے 500 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

آپریشنز، سکیورٹی، ٹریفک، سی ٹی ڈی، لاجسٹکس، سپیشل برانچ سمیت تمام ادارے کو باہم رابطے میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں، رضاکاروں کو خصوصی بریفنگ، ٹریننگ سیشنز بھی کروائے گئے ہیں۔لیڈیز کی مجالس اور جلوسوں میں چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس کے دستے تعینات ہیں۔تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز روزانہ کی بنیاد پر امام بارگاہوں کا دروہ کررہے ہیں۔جلوسوں ،مجالس کے لئے گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کے لئے پارکنگ کا الگ انتظام کیا گیا ہے۔شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔