پی ڈی ایم اے وئیر ہائوس لاہور میں فلڈ فائٹنگ سازو سامان کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پیر 30 جون 2025 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) پی ڈی ایم اے پنجاب وئیر ہائوس لاہور میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈ فائٹنگ سازو سامان کی تقسیم کے حوالے سے پیر کے روز یہاںتقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ پیشگی تیاری اور موثر اقدامات سے نقصان سے بچا جاسکتا ہے، اس لیے ریسکیو اداروں کو فلڈ فائٹنگ سے متعلق ضروری سامان اور معاونت فراہم کی جارہی ہے، اداروں کو ڈیمانڈ کے مطابق فلڈ فائٹنگ سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک آرمی اور ریسکیو کو ضروری سازو سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامان میں 29 او بی ایم بوٹس شامل ہیں جو بین الا قوامی معیار کے عین مطابق ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ 30 فائبر گلاس بوٹس ،400لائف ،200 لائف رنگز، 10 ٹینٹس اور 18 سرچ اینڈ ریسکیو کٹس،29 مختلف آئٹمز جن میں فائر پروف اور سادہ کمبل، واٹر پروف جیکیٹس ، ہتھوڑے اور کلہاڑے ، فرسٹ ایڈ سٹریچر اور ہیلمٹ تقسیم کیے جا نے والے سامان میں شا مل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو ادارے شہریوں کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، تمام ریسکیو اداروں کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پرنٹ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں کو مون سون بارشوں اور سیلا بی صور تحال بارے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ریسکیو اداروں کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے، کوئی ادارہ انفرادی طور پر بارشوں، طوفان، فائر فائٹنگ جیسے چینلجز سے نبرد آزما نہیں ہو سکتا، تمام متعلقہ اداروں کی باہمی شراکت سے قدرتی آفات سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ایک مربوط آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے،وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے کسی بھی نا گہانی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔