کمشنر راولپنڈی کی مون سون و سیلاب سے متعلق تیاریوں کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

پیر 30 جون 2025 15:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بھرپور تیاریوں کے لیے تمام اضلاع کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متحرک ہو کر تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔

کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی و دیگر انتظامی افسران کے علاوہ ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے نے شرکت کی۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق، پنجاب میں مون سون کے دوران معمول سے 20 سے 25 فیصد زائد بارشیں متوقع ہیں جبکہ شمال مشرقی ڈویژنز (گوجرانوالہ، گجرات، لاہور)، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں 40 سے 60 فیصد تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ دریائے چناب میں بھارت کے سلل ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث سطح آب میں اتار چڑھاؤ سے مزید خطرات کا خدشہ ہے۔اربن فلڈنگ خدشے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے کسی ناگہانی صورتحال میں الارم سسٹم اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر شفٹ کرنے کے تمام تر انتظامات مکمل کئے جائیں۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز فوری طور پر مون سون کنٹی جنسی پلانز کو فعال کریں اور کنٹرول رومز کی 24 گھنٹے فعالیت یقینی بنائیں۔

واسا اور لوکل گورنمنٹ محکمے تمام نالوں اور سیوریج لائنز کی صفائی مکمل کریں، اور ریپڈ ریسپانس ٹیمز کو تیار رکھیں۔نکاسی آب کے تمام پمپس، جنریٹرز اور مشینری مکمل طور پر فعال اور حساس مقامات پر پہلے سے نصب کی جائیں۔محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں میں نشیبی علاقوں کے لیے خصوصی ڈی واٹرنگ انتظامات کیے جائیں۔محکمہ آبپاشی اور ریسکیو 1122 دریاؤں کے پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھیں اور تمام اضلاع کو بروقت آگاہ کریں۔