مسلمان پڑوسی کشمیری پنڈت کی آخری رسومات ادا کرنے میں پیش پیش

پیر 30 جون 2025 17:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مسلمانوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع گاندربل کے علاقے لار میں ایک کشمیری پنڈت کی آخری رسومات ادا کرنے میں بھرپورتعاون کیاہے۔کشمیری میڈیا سروس کے مطابق آنجہانی پنڈت کی آخری رسومات مقامی مسلمانوں کی مدد سے ادا کی گئیں ۔

ان کی آخری رسومات ان کے آبائی گائوں لارگاندربل میں ادا کی گئیں۔آنجہانی بدری ناتھ بٹ علاقے کی ایک معزز شخصیت تھے جو مسلم اکثریتی علاقے میں رہنے والے اپنی برادری کے دیگر افرادمیں شامل تھے جبکہ کمیونٹی کے زیادہ تر افراد 1990کی دہائی کے اوائل میں گورنر جگموہن کے کہنے پروادی چھور کرچلے گئے تھے۔مقامی لوگوں نے بدری ناتھ کی میت کو کندھا دیا اور ان کی آخری رسومات کے لیے لکڑیوں کا بندوبست کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ہم نے کوئی اپنا کھو یا ہے۔مقامی سیاست دان شیخ اشفاق نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اپنے پنڈت بھائیوں کے ساتھ رہنا ہمارافرض تھا۔شیخ اشفاق نے کہا کہ وہ یہاں ہمارے درمیان سالہاسال سے رہ رہے تھے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہیں اور سب کچھ ایک ساتھ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملحقہ علاقوں کے لوگ بھی سوگوار خاندان کے اظہارتعزیت اور ہمدردی کے لیے یہاں آرہے ہیں۔دریں اثناء متاثرہ خاندان کے ارکان اور علاقے میں رہنے والے دیگر کشمیری پنڈتوں نے مقامی مسلمانوں سے اظہار تشکر کیا۔ بدری ناتھ کے ایک رشتہ دار نے کہا کہ اپنے مسلمان پڑوسیوں کی وجہ سے ہی ہم بغیر کسی مشکل کے آخری رسومات ادا کر سکے ہیں۔