ض*لاہور کو کلین سٹی بنانے کیلئے ڈی سی کا دورہ، تحصیل راوی میں صفائی کا جائزہ

ّڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شاہدرہ و گردونواح میں صفائی، نکاسی آب کا معائنہ کیا ی*جھگیاں و مویشی منتقل، روزانہ سالڈ ویسٹ اٹھانے اور کوڑا گھر گھر سے جمع کرنیکی ہدایت

پیر 30 جون 2025 18:05

Uلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) لاہور کو صاف، ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں تیز ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل راوی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر راوی اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

اے سی راوی نے شاہدرہ، پھولوں والا چوک اور گردونواح میں جاری صفائی مہم اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کلین لاہور مشن کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کو روزانہ کی بنیاد پر مقررہ ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کیا جائے، اور گھر گھر سے کوڑا جمع کرنے کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کا فوری و دیرپا حل نکالنے، اور رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کو فوری منتقل کرنے کے احکامات بھی دیے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق شہر میں انتظامی آپریشنز اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں سے شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔